نئی دہلی،یکم اکتوبر (آئی این ایس انڈیا) پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے واضح کیا ہے کہ وہ بی جے پی میں نہیں جا رہے ہیں لیکن واضح طور پر کہا ہے کہ وہ کانگریس میں بھی نہیں رہیں گے۔ این ڈی ٹی وی کے ساتھ خصوصی بات چیت میں امریندر سنگھ نے کہا کہ وہ جلد کانگریس چھوڑنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ توہین برداشت نہیں ہوتی ۔مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کے ایک دن بعد کیپٹن نے کہاکہ ابھی تک میں کانگریس میں ہوں لیکن کانگریس میں نہیں رہوں گا۔ میں اس قسم کا رویہ برداشت نہیں ہو گا، کیپٹن نے کہا کہ 50 سال بعد میری شبیہہ پر شک کیا جا رہا ہے۔ یہ ناقابل برداشت ہے۔ کانگریس نے ایک اور بڑے لیڈر کے پارٹی سے نکلنے کے اشاروں کے درمیان امریندر سنگھ سے رابطہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سینئر کانگریس لیڈر امبیکا سونی اور کمل ناتھ امریندر سنگھ کو راضی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن کیپٹن جو منگل سے دہلی میں ہیں ، بظاہر اپنی پارٹی صدر سونیا گاندھی سے کسی قسم کی ملاقات نہیں کی۔ وہ دوسری پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔کیپٹن سنگھ نے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال سے آج صبح ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔ ذرائع کے مطابق دونوں کے درمیان پنجاب سرحد پر سکیورٹی کی صورتحال اور ریاست کے سیاسی بحران پر بات چیت ہوئی ہے۔